افغان کھلاڑی کے ایک ہی اوور میں 6 چھکے، ورلڈ ریکارڈ برابر

افغان کھلاڑی کے ایک ہی اوور میں 6 چھکے
افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے ایک میچ میں حضرت اللہ زازئی ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے کا ریکارڈ بنانے والے کرکٹ کی تاریخ کے چھٹے بیٹسمین بن گئے۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ پر بلاخ لیجنڈز کے خلاف کابل زوانان کی جانب سے کھیلتے ہوئے میچ کی دوسری اننگز کے چوتھے ہی اوور میں یہ کارنامہ انجام دے کر 6 چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے کلب میں شامل ہوگئے۔

چھ چھکے لگانے کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی برابر کردیا جو ان سے سے قبل عظیم بلے بازوں یوراج سنگھ اور کرس گیل کے پاس ہے۔

یوراج سنگھ نے 2007 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کے خلاف جبکہ کرس گیل نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی اسٹرائکرز کے خلاف میلبرن رینیگیڈز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 2016 میں 12 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔

حضرت اللہ زازئی نے بھی 12 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جبکہ میچ میں 17 گیندوں پر 62 رنز اسکور کیے۔

اپنے اس ریکارڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے حضرت اللہ زازئی کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے یہ بہت ہی خوشی کی بات ہے کہ میں نے اپنی کارکردگی اپنے سب سے پسندیدہ کھلاڑی کرس گیل کے سامنے دی ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور میرے دماغ میں کسی ریکارڈ کے بارے میں خیال نہیں تھا۔

خیال رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ، فرسٹ کلاس اور لیگ کرکٹ میں جن کھلاڑیوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ان میں ویسٹ انڈیز کے سر گیری سوبرز اور کرس گیل، بھارت کے روی شاستری اور یوراج سنگھ، جنوبی افریقہ کے ہرشیل گبز اور انگلینڈ کے روس وائٹلے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بلاخ لیجنڈز نے کابل زوانان کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن ان کی ٹیم مقرر 20 اوورز میں صرف 223 رنز ہی بناسکی۔

یہاں یہ بات قابلِ غور ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے والے یوراج سنگھ کی ٹیم کو فتح ہوئی جبکہ کرس گیل اور حضرت اللہ زازئی کو اسی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2yFHBQA


EmoticonEmoticon