بھارت اپنا الیکشن اپنے ملک میں لڑے ہمیں نہ گھسیٹے: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل
پاکستان نے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کی ٹیلی فونک گفتگو پر بھارتی اعتراض مسترد کردیا۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کہنا تھا کہ 'پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارت میں گزشتہ رات طلب کرکے میر واعظ سے وزیر خارجہ کی ٹیلی فونک بات چیت پر اعتراض کیا گیا، بھارت کے ان اعتراضات کو پاکستان مسترد کرتا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت کی طرف سے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا جانا اپنے الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے'۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 'بھارتی حکومت کو اپنا الیکشن لڑنا ہے تو اس میں ہمیں شریک نا کریں'۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید بتایا کہ 'بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کو بلوانے پر یہاں آج بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا'۔

افغان امن عمل

بریفنگ کے دوران افغانستان سے متعلق صحافی کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے جواب دیا کہ 'طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاملات ان کے اپنے ہیں اور امید ہے کہ طالبان اور افغان حکومت مل کر اپنے مسائل حل کرلیں گے'۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے افغان بارڈر پر داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'افغان مفاہمتی عمل سے متعلق محتاط ہونے کی ضرورت ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پاکستان، افغان درآمدات اور برآمدات کے لیے سرحدی آمدورفت آسان بنا رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان کا طورخم کی سرحد کو 24 گھنٹے کھولنے کا فیصلہ باہمی تجارت میں اضافے کے لیے ہے'۔

آسیہ بی بی کا معاملہ

بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے توہین رسالت کے الزام میں سپریم کورٹ سے بری ہونے والی آسیہ بی بی سے متعلق بھی بات کی اور بتایا کہ 'وہ پاکستان میں ہیں، تاہم اگر وہ بیرون ملک جانا چاہیں تو جاسکتی ہیں'۔

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے حوالے سے دفتر خارجہ پروگرام سے آگاہ کرے گا۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2Rvpi7O


EmoticonEmoticon