آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف نظرثانی اپیل کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی

سپریم کورٹ میں توہین مذہب کیس میں آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف نظر ثانی اپیل پر سماعت آج ہوگی
سپریم کورٹ میں توہین مذہب کیس میں آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف نظر ثانی اپیل پر سماعت آج ہوگی ، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ سماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ توہین مذہب کیس میں آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف نظر ثانی اپیل پر سماعت آج کرے گا۔

بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔

 توہین مذہب کیس میں آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے خلاف مدعی قاری عبدالسلام نے نظر ثانی اپیل دائر کر رکھی ہے ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ تفتیش کے دوران آسیہ بی بی نے جرم کا اعتراف کیا، اس کے باوجود ملزمہ کو بری کردیا گیا، سپریم کورٹ سے استدعا ہے آسیہ بی بی سے متعلق بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

واضح رہے 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ میں توہین رسالت کے الزام میں سزائے موت کے خلاف آسیہ مسیح کی اپیل پر فیصلہ سناتے چیف جسٹس نے کلمہ شہادت سے آغاز کیا اور لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے آسیہ بی بی کو معصوم اور بے گناہ قرار دیا تھا اور رہائی کا حکم دیا تھا، فیصلے کے بعد آسیہ بی بی کو نو سال بعد ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔

سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آسیہ بی بی کیس کا فیصلہ تحریر کیا تھا جبکہ موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے فیصلے میں اضافی نوٹ بھی تحریر کیا تھا۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ برداشت اسلام کا بنیادی اصول ہے، مذہب کی آزادی اللہ پاک نے قران میں دے رکھی ہے، قرآن مجید میں اللہ نے اپنی آوازیں نبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی آواز سے پست رکھنے کا حکم دیا ہے۔

اللہ نے اعلان کررکھا ہے کہ میرے نبی کا دشمن میرا دشمن ہے۔

نبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف کوئی لفظ براہ راست یا بلاواسطہ نہ بولا جاسکتا ہے اور نہ ہی لکھا جاسکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا جب تک کوئی شخص گناہ گار ثابت نہ ہو بے گناہ تصور ہوتا ہے، ریاست کسی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتی، توہین مذہب کا جرم ثابت کرنا یا سزا دینا گروہ یا افراد کا نہیں ریاست کا اختیار ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2HCjvxQ


EmoticonEmoticon