حکومت حج سمیت بنیادی ضرورتوں پرٹیکس لگا کر اپنی آمدن بڑھانے کی کوشش کر رہی: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نےحج اخراجات میں اضافہ کی مذمت کی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نواز شریف حکومت کو حاجیوں کی خدمت کی توفیق دی عمران حکومت کو یہ توفیق نہیں مل سکی۔

ایک بیان میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں چالیس ہزار روپے کی سبسڈی کے ساتھ قربانی سمیت ‏سرکاری حج دو لاکھ ترانوے ہزار میں تھا۔ عمران حکومت نے ایک لاکھ چھپن ہزار روپے کا اضافہ کرکے صفر سبسڈی کے ساتھ ‏سرکاری حج اخراجات چار لاکھ سینتالیس ہزار کر دیئے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عوام کو سہولیات دیں لیکن پھر بھی ان پر کرپٹ ہونے کی تہمت لگائی جاتی ہے۔

نواز شریف نے اپنے دور میں حجاج کرام کے لئے سفر اور حج بیت اللہ کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ حجاج کرام کو معیاری مفت کھانا فراہم کیا گیا اور پہلی بار سرکاری اسکیم پر جانے والے حجاج کرام کو پرائیویٹ اسکیم کے مقابلے میں زیادہ بہتر سہولت دی گئی تھیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے حج پر کوئی سبسڈی نہیں دی بلکہ حج بیت اللہ کے لئے حکومت نے پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں دیا گیا ریلیف بھی چھین لیا۔ تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ حجاج کرام کو نہیں دیا گیا جو قابل افسوس ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ حکومت حج سمیت عوام کی بنیادی ضرورتوں پرٹیکس لگا کر اپنی آمدن بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2CYtHLm


EmoticonEmoticon