حکومت نے ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کی مد میں 5 ارب روپے کی بچت کی: نور الحق قادری

وفاقی وزیرمذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری
وفاقی وزیرمذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ رواں برس حج آپریشن کے دوران ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کی مد میں 5 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے جو حاجیوں کو واپس کئے جا رہے ہیں۔

نورالحق قادری نے حاجی کیمپ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اخراجات میں اضافہ ہونے کی وجہ سے خدشہ تھا کہ درخواستیں کم آئیں گی لیکن امسال بینکوں کو ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں، روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت آئندہ برس اس سہولت کو لاہور، کراچی، پشاور اور دیگر ائیر پورٹس تک بڑھایا جائے گا۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اور معاشی مشکلات کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا لیکن مسلمانوں کا حرمین، شریفین سے ایک وابستگی اور تعلق ہے اور لوگ حج پر جانے کے لئے ادھر اُدھر سے پیسے بچا کر جمع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ دنیا بھر کے مقابلے میں پاکستان سے حج اور عمرہ پر جانے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ پاکستان سے امسال 2 لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے، انڈونیشیاء کی تعداد ہم سے چار پانچ ہزار زیادہ ہے لیکن سعودی عرب، گلف اور دیگر ممالک میں مقیم اوور سیز پاکستانیوں کی تعداد کو شامل کیا جائے تو یہ کہیں زیادہ ہوجاتی ہے۔

رمضان کے اختتام تک17 لاکھ پاکستانیوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے جو دنیا بھر کے مسلمان ممالک سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ماضی کے تجربات کو دیکھتے ہوئے انتظامات کئے ہیں اورماضی کی نسبت حج انتظامات میں بہتری آئی ہے۔

ہمارے لئے سب کچھ ہمارے حاجی ہیں،حاجی کا معاملہ بینک، ائیر لائن یا کسی اور ادارے سے ہو، وزارت مذہبی امور حاجی کا ساتھ دے گی، اگر حج کی سہولیات کے حوالے سے کسی نے کوتاہی برتی تو حج کے ختم ہونے کا انتظار نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے اسی وقت واپس بلا لیا جائے گا۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ اب تک ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد حجاج حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں، اس سال 27 ہزار سے زائد حاجی اسلام آباد ائیر پورٹ سے روڈ ٹو مکہ سہولت کا فائدہ لیں گے جبکہ آئندہ برس اس سہولت کو لاہور، کراچی،پشاور اور دیگر ائیر پورٹس تک بڑھایا جائے گا۔

پہلی مرتبہ کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں شروع کی گئیں، 95 فیصد سرکاری اسکیم کے حاجیوں کو حرم کے قریب ترین بہترین ہوٹلوں میں ٹھہرا رہے ہیں۔

حاجیوں کو ٹرانسپورٹ کے لئے 2018 اور2019 ماڈل کے علاوہ دیگر گاڑیوں پر پابندی ہو گی، ای ویزہ کی سہولت بھی دی گئی ہے اور سعودی عرب نے یہ سہولت صرف چار ممالک کو دے رکھی تھی۔

ہوٹل اورٹرانسپورٹ کی مد میں 5 ارب روپے کی بچت کی گئی، بچت کے پیسے حاجیوں کو واپس کئے جا رہے ہیں۔ پیرنورالحق قادری نے کہا کہ حج آپریشن میں مشکلات بھی آتی ہیں لیکن اسے منفی انداز میں نہیں دکھانا چاہیے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2ZmdZnn


EmoticonEmoticon