احتساب عدالت: آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع کر دی

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی
احتساب عدالت نے آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع کردی اور حکم دیا کہ آغا سراج درانی بھی نیب سے تحقیقات میں تعاون کریں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ آغا سراج درانی کا مزید ریمانڈ درکار ہے جس پر عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بتایا جائے ریمانڈ کیوں چاہیے، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ آغا سراج کے اسمبلی جانے کی وجہ سے تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔

آغا سراج درانی روزانہ کی بنیاد پر اسمبلی چلے جاتے ہیں، آغا سراج درانی کی کروڑوں روپے کی جائیداد کا معلوم ہوا ہے، مختلف بنگلے آغا سراج درانی کی ملکیت ثابت ہو رہے ہیں، ان کی صاحبزادیوں شہناز درانی نے تین فلیٹس بک کرائے ہیں۔

وکیل آغا سراج درانی نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے اثاثوں کا کیس بنایا ہے، مطلوبہ دستاویزات نیب کو دے چکے ہیں جب کہ منی ٹریل اور دیگر دستاویزات بھی دے چکے ہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 مارچ تک کی توسیع کرتے ہوئے حکم دیا کہ آغا سراج درانی بھی نیب سے تحقیقات میں تعاون کریں۔

اس سے قبل عدالت پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ میری پوری فیملی کو نیب نے پریشان کیا جارہا ہے، میرے بھائی کو بھی نیب نے نوٹس بھیجے ہیں، نِیب سے مکمل تعاون کر رہا ہوں جب کہ ہمیں عدلیہ پر یقین ہے،عدالت سے انصاف ملے گا۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2NC6Nyf


EmoticonEmoticon