3 دن وفاق یرغمال رہا، فواد چوہدری کہاں تھے؟ سعید غنی کا وزیر اطلاعات پر جوابی وار

3 دن وفاق یرغمال رہا، فواد چوہدری کہاں تھے؟ سعید غنی کا وزیر اطلاعات پر جوابی وار
صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے وفاق اور دیگر صوبوں میں مانگے تانگے کی حکومت بنائی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں پیپلزپارٹی کے رہنما و سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کان کھول کر سن لیں، صوبے خود مختار ہیں، 3 دن وفاق یرغمال رہا، فواد چوہدری کہاں تھے؟ عدلیہ اور فوج کو گالیاں دینے والوں کے سامنے نیازی نے ہتھیار ڈال دیئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ چوری کرکے نیازی کی گود میں ڈال دیا گیا، قومی اسمبلی کا کورم ٹوٹنا نیازی حکومت کیلئے باعث شرم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کیخلاف دھرنے دینا سیاست ہے تو انہیں مبارک ہو، ہم نے سندھ حکومت مانگے تانگے کی نہیں بنائی بلکہ وفاق اور دیگر صوبوں میں انہوں نے مانگے تانگے کی حکومت بنائی۔

سعید غنی نے کہا کہ ہم کنٹینر کی سیاست نہیں کرتے، ہماری حکومت کسی کے سہارے پر نہیں بلکہ پنجاب اور وفاق میں سہارے کی حکومت ہے، ملک کے مفاد میں پیچھے جانا پڑتا ہے تو ہم پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وسیم اختر صاحب اگر فیصلہ کرلیں تو وفاقی حکومت 2 روز نہیں چل سکتی، وفاقی حکومت دوسروں کے کندھوں پر کھڑی ہے اور ہماری صوبائی حکومت مضبوط ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کی جانب سے سندھ حکومت کے خاتمے کا اشارہ افسوسناک ہے، فواد چوہدری سندھ حکومت کے دن نہ گنیں اپنی کارکردگی کی فکرکريں۔

ترجمان سندھ حکومت نے وزیر اعظم عمران خان سے فواد چوہدری کے بیان کی وضاحت کا بھی مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فود چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ میں بھی کافی غنڈہ راج لگا رہا، اس کو بھی ہینڈل کرنا ضروری ہے، ہم چوروں اور ڈاکوؤں کو سزا دینے کی بات کرتے ہیں تو پیپلز پارٹی والے ناراض ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم تعاون میں ذرا بھی کمی کریں تو سندھ حکومت مسائل میں آجائے گی، ہم انہيں ساتھ لے کر چل رہے ہيں، اگر رینجرز ہٹالیں تو پولیس کے پاس پالیسی کو نافذ کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اب زرداری کی پارٹی ہے، اس کا بھٹو سے ایسا ہی تعلق ہے جیسا زمین کا آسمان سے، سندھ حکومت سے پوچھیں وفاق سے پچہتر ہزار کروڑ روپے صوبے میں منتقل ہوئے ، وہ کہاں گئے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2RAVUOe


EmoticonEmoticon