پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار ملزم ٹی وی اینکر شاہد مسعود کو اڈیالہ جیل بھیج دیا

 پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار ملزم ٹی وی اینکر شاہد مسعود کو اڈیالہ جیل بھیج دیا
عدالت نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار ملزم ٹی وی اینکر شاہد مسعود کو اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 23 نومبر کو شاہد مسعود کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی جس پر ایف آئی اے نے انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا تھا اور اگلے ہی روز عدالت نے انہیں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔

جمعرات کے روز 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ایف آئی اے نے شاہد مسعود کو ڈیوٹی جج انعام اللہ کی عدالت میں پیش کیا۔

ایف آئی اے نے مؤقف اپنایا کہ ملزم پر کیٹرنگ اور دیگوں کا کاروبار کرنے والی کمپنی سےکرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق کے معاہدے کا الزام ہے، شاہد مسعود نے کرکٹ میچز دکھانے کے لیے کیٹرنگ کمپنی سے معاہدے کی منظوری دی اور جعلی کمپنی کو 3 کروڑ 70لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔

ایف آئی اے نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا۔

شاہد مسعود کو پیپلزپارٹی کے دور میں سابق صدر آصف زرداری نے چیئرمین پی ٹی وی لگایا تھا، ان پر بطور ایم ڈی پی ٹی وی جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کا نشریاتی حقوق کا معاہدہ کرنے کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ شاہد مسعود نے زینب قتل کیس میں بھی مجرم عمران کے بیرون ملک اکاؤنٹس کا دعویٰ کیا تھا جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ازخودنوٹس لیا تھا تاہم اینکر اپنا دعویٰ درست ثابت نہیں کرسکے تھے جس پر انہوں نے عدالت سے معافی مانگی اور جب کہ عدالت نے ان کے پروگرام پر تین ماہ پابندی عائد کی تھی۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2Sj6glT


EmoticonEmoticon