ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 5 رنز سے شکست دیدی

نیوزی لینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز
نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 5 رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ انڈین بلے بازوں نے کیوی باﺅلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی لیکن 286 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے جانے والے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین بیٹنگ اس وقت مشکلات کا شکار ہوگئی جب 20 کے مجموعی سکور پر اس کے 2 کھلاڑی آﺅٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کرس گیل اور شمرون ہیتمائر نے شاندار کھیل پیش کیا اور ٹیم کے مجموعے کو 140 تک پہنچادیا تاہم ہیتمائر 54 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ ان کے آﺅٹ ہوتے ہی ویسٹ انڈین ٹیم کی بیٹنگ خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جھڑتی چلی گئی اور 164 کے سکور پر اس کے 7 کھلاڑی آﺅٹ ہوگئے۔ ان میں کرس گیل بھی شامل تھے جنہوں نے 87 رنز بنائے تھے۔

ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر کے فلاپ ہونے پر ویسٹ انڈیز کے لوئر آرڈر نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور بری طرح سے ڈگمگائی ہوئی بیٹنگ لائن کو کیمار روچ اور کارلوس بریتھ ویٹ نے سہارا دیا اور مجموعے کو 211 تک لے گئے تاہم کیمار روچ 39 ویں اوور کی پہلی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز نے نویں وکٹ پر بھی کیوی باﺅلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت دکھائی ۔ بریتھ ویٹ اور شیلڈن کوٹریل آخری سانس تک لڑتے ہوئے مجموعے کو 245 رنز تک لے گئے تاہم شیلڈن نے 15 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو کر ونڈیز کی فتح کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ورلڈ کپ 2019 کے 30 ویں میچ میں کارلوس بریتھ ویٹ 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کی طرح اس میچ میں بھی ایک لمحے کیلئے ہیرو بن کر ابھرے اور آخری لمحات میں چھکوں کی برسات کی لیکن ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔ انہوں نے 48 ویں اوور میں چھکوں کی ہیٹ ٹرک کرکے نیوزی لینڈ کے منہ سے یقینی فتح چھین لی۔ انہوں نے اس اوور میں 25 رنز مار کر گیم کا پانسہ پلٹ دیا۔

کارلوس بریتھ ویٹ نے80 گیندوں پر 9 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 49 ویں اوور میں اپنی پہلی انٹرنیشنل سنچری مکمل کی اور اسی اوور کی آخری گیند پر عین باﺅنڈری کے اوپر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ خیال رہے کہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف آخری اوور میں 4 چھکے لگائے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فرگوسن کے حصے میں 3 جبکہ ہینری، نیشم اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کے 29 ویں مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 292 رنز کا ہدف دیا تھا۔ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی طور پر یہ بالکل درست ثابت ہوا کیونکہ کیویز کے دونوں اوپنر کوئی بھی رن سکور کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر کپتان کین ولیمسن نے ایک بار پھر ٹیم کی کمان سنبھالی اور 148 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

کپتان کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے روس ٹیلر نے 69 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ باقی کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیلڈن کوٹرل نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیاجبکہ کارلوس بریتھ ویٹ کے حصے میں 2 اور کرس گیل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2Y5Z7Jb


EmoticonEmoticon