ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو شکست دے دی
نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

اوول میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے بنگلہ دیش کو 45 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

تاہم 60 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے دونوں اوپنرز سومیا سرکار اور تمیم اقبال بالترتیب 25 اور 24 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اس موقع پر شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑے البتہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی نے مشفیق کی اننگز اور اس شراکت خاتمہ کردیا۔

شکیب نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ محمد متھن کے ساتھ 41 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن کولن ڈی گرینڈ ہوم نے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم اننگز کے آخری اوورز میں 244 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

متھن نے 26، محمد سیف الدین نے 29 اور محمود اللہ نے 20رنز کی اننگز کھیلیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 4 اور ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹیں لیں۔

نیوزی لینڈ نے ہدف تعاقب شروع کیا تو اوپنرز کولن منرو اور مارٹن گپٹل نے 35 رنز کا آغاز فراہم کیا، گپٹل 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ اسکور 55 تک پہنچا تو منرو بھی 24 رنز بنا کر شکیب الحسن کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر پر مشتمل نیوزی لینڈ کے سب سے تجربہ کار کھلاڑیوں کی جوڑی وکٹ پر یکجا ہوئی اور دونوں نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس مرحلے پر نیوزی لینڈ کی میچ میں فتح کے آثار واضح تھے لیکن مہدی حسن میراز نے اپنے ایک ہی اوور میں ولیمسن اور پھر ٹام لیتھم کو چلتا کردیا، نیوزی لینڈ کے کپتان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

روس ٹیلر نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور جمی نیشام کے ساتھ مل کر اسکور کو 191 تک پہنچا دیا لیکن وہ 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد مصدق حسین کی وکٹ بن گئے۔

کولن ڈی گرینڈ ہوم اور نیشام کی جوڑی نے 27 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن 4 گیندوں کے وقفے سے دونوں ہی کھلاڑی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

218 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں بنگلہ دیش کی واپسی کی امید پیدا ہوئی لیکن میٹ ہنری اور مچل سینٹنر نے 20 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔

فتح سے 7 رنز کی دوری پر نیوزی لینڈ کی ٹیم ہنری کی خدمات سے محروم ہو گئی لیکن اگلے اوور کی پہلی گیند پر سینٹنر نے چوکا لگا کر نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

روس ٹیلر کو 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2XpaBqU


EmoticonEmoticon