بھارتی جنگی جنون کی انتہا، سمجھوتہ ایکسپریس سروس معطل

 'سمجھوتہ ایکسپریس'
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی ٹرین 'سمجھوتہ ایکسپریس' کی دہلی کے لیے روانگی منسوخ کردی گئی۔

اس حوالے سے پاکستان ریلویز کے حکام کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرین سروس تا حکمِ ثانی بند کردی گئی ہے جس کے باعث سمجھوتہ ایکسپریس آج صبح لاہور سے روانہ نہیں کی گئی۔

گزشتہ روز ریلوے کے لاہور ڈویژن کے ترجمان نے کہا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس معمول کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن سے 8 بجے بھارت کے لیے روانہ ہوگی۔

بعد ازاں دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس آج معطل کردی گئی جو سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر بحال کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس ہفتے میں 2 روز پیر اور جمعرات کی صبح لاہور سے واہگہ کے راستے بھارت میں اٹاری کے لیے روانہ ہوتی تھی۔

گزشتہ ہفتے مذکورہ ٹرین لاہور سے 45 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ ہوئی تھی اور آج اس نے 16 مسافروں کو لے کر دہلی روانہ ہونا تھا۔

دوسری جانب سمجھوتہ ایکسپریس بھارت جانے والے مسافروں کو کراچی سے لاہور پہنچا چکی ہے جس کے بعد مسافر تاحال لاہور کے ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں۔

سمجھوتہ ایکسپریس کی اچانک معطلی سے بھارت جانے والے مسافر سخت پریشانی کا شکار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونے کے خواہشمند ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارتی دراندازی کے جواب میں 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرائے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی تھی۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2Ek4Imm


EmoticonEmoticon