ٹی ایم ایف بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اسلم حیات کو سی ای او تعینات کر دیا

ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سی ای او شاہد مصطفیٰ کے استعفیٰ کے بعد اسلم حیات کو بحیثیت قائم مقام سی ای او تعینات کیا ہے
ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سی ای او شاہد مصطفیٰ کے استعفیٰ کے بعد اسلم حیات کو بحیثیت قائم مقام سی ای او تعینات کیا ہے۔

شاہد مصطفیٰ نے استعفیٰ دے دیا ہے اور 31 مئی 2019ء کو سی ای او کے عہدہ سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ اسلم حیات اس وقت ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کی انتظامی ٹیم میں چیف کمپلائنس آفیسر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وہ بینک کے ساتھ 2018ء سے وابستہ ہیں، اس دوران انہوں نے ٹیلی نار پاکستان میں بہت سے اعلیٰ عہدوں پر فرائض انجام دیئے جن میں وائس پریذیڈنٹ سرکل سینٹرل اور چیف کارپوریٹ افیئرز اینڈ سٹریٹجی آفیسر (سی سی اے ایس او) شامل ہیں۔

ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کی انتظامی ٹیم میں شمولیت سے قبل اسلم حیات نے بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی خدمات سرانجام دیں۔

بورڈ کے چیئرمین پیٹر ایف فربرج نے اس موقع پر کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک میں اسلم حیات کی قیادت پر خوشی ہے جبکہ نئے سی ای او کی تلاش شروع ہو چکی ہے۔

ہمیں یقین ہے کہ اسلم حیات کی قیادت کے تحت بینک کی انتظامی ٹیم کی جانب سے تعین کی گئی سمت اور ادارہ میں جاری اصلاحات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گی۔

ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے سی ای او کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے اپنے فیصلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد مصطفیٰ نے کہا کہ اس اہم عرصہ کے دوران بینک کی قیادت کرنا ان کے لئے حقیقی خوشی کا باعث رہا۔

مجھے ٹیم کی جانب سے ایک نئے سٹریٹجک سرمایہ کار کو شامل کرنے اور برانچ لیس بینکنگ میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے جیسے اقدامات پر فخر ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بینک سے باہر ان کے لئے نئے چیلنجوں کا سامنا کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔

انہوں نے اپنی سی ای او کی مدت کے دوران بہترین تعاون اور اعتماد کرنے پر بورڈ اور ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مستقل سی ای او کی تلاش کیلئے کام شروع کردیا ہے جس کا بعد ازاں مقررہ وقت پر اعلان کیا جائے گا۔

بورڈ کے چیئرمین پیٹر ایف فربرگ نے بورڈ کی جانب سے ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے لئے شاہد مصطفیٰ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت کے تحت بینک نے برانچ لیس بینکنگ میں اپنی حیثیت کو مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے ادارے کو ایک معروف ڈیجیٹل فنانشل سروسز فراہم کرنے والا ادارہ بننے کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے شاہد مصطفیٰ کے لئے مستقبل میں نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں https://ift.tt/2SvYbKD


EmoticonEmoticon