مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا تمام اہم امور پر مل کر چلنے پر اتفاق

 قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں میں توسیع اور منی بجٹ سمیت تمام اہم امور پر مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں خورشید شاہ اور نوید قمر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اپوزیشن رہنماؤں نے فوجی عدالتوں میں توسیع اور منی بجٹ کے معاملے پر مشاورت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ اپوزیشن اس معاملے میں باہمی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے چیئرمین پی اے سی کی تقرری کے خلاف درخواست مسترد کئے جانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ کا شکریہ جس نے خوش آئند فیصلہ دیا۔

ایک سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے مجھ سے ملاقات کی جس میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں تمام ایشوز پر مشاورت سے چلیں گے۔

اس موقع پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت چھ ماہ میں تیسرا بجٹ لا رہی ہے اور یہ بہت بڑا سوال ہے۔ اپوزیشن منی بجٹ سے متعلق اپنے تحفظات اور سوالات پارلیمنٹ میں ضرور اٹھائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے آنے سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے بہت بڑے بڑے دعوے کئے تھے لیکن چھ ماہ ہونے کو ہیں مگر حالات آپ سب کے سامنے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے ایل این جی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، وہ کہتے تھے یہ معاہدہ فراڈ ہے۔ سپریم کورٹ، نیب اور ادارے اس کا نوٹس لیں اور اب اسی کے لئے وہ قطر گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ آئینی طور پر عدالتوں کو پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، آئین میں اداروں کے کام کرنے کا طریقہ کار موجود ہے جس پر عمل لازمی ہے ۔اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2CNW13d


EmoticonEmoticon