بولر حسن علی کا بطور بیٹسمین ریکارڈ بک میں نام درج

بولر حسن علی
بولر حسن علی نے بطور بیٹسمین ریکارڈ بک میں نام درج کرا لیا، وہ ون ڈے کرکٹ میں تیسری بڑی اننگز کھیلنے والے نمبر 10بیٹسمین بن گئے۔

ڈربن میں پروٹیز کیخلاف میچ میں حسن علی ون ڈے کرکٹ میں تیسری بڑی اننگز کھیلنے والے نمبر 10بیٹسمین کے طور پر اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوگئے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈین روی رامپال نے بھارت کیخلاف 2011میں ناقابل شکست 86رنز بنائے تھے، محمد عامر کے 2009میں نیوزی لینڈ کیخلاف ابوظبی میں 73رنز ناٹ آؤٹ کسی بھی نمبر10بیٹسمین کا دوسرا بڑا اسکور ہیں، حسن علی نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ نویں وکٹ کیلیے 90رنز کی شراکت کا قومی ریکارڈ بھی بنا دیا۔ شعیب ملک اور محمد سمیع نے سنچورین میں 2007 میں میزبان پروٹیز کیخلاف 73رنز جوڑے تھے۔

دریں اثنا سرفراز احمد ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کرنے والے 32ویں پاکستانی کرکٹر بن گئے، انھوں نے یہ سنگ میل گزشتہ روز ڈربن میں جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں عبور کیا، سرفراز نے ون ڈے ڈیبیو نومبر 2007 میں بھارت کیخلاف جے پور میں کیا تھا، وہ ون ڈے میچوں کی سنچری مکمل کرنے والے پاکستان کے چوتھے وکٹ کیپر ہیں، اس سے قبل معین خان 219، راشد لطیف 166اور کامران اکمل 157ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔

حسن علی نے دوست شاداب خان سے نصف سنچری کا وعدہ پورا کردیا

حسن علی نے دوست شاداب خان سے نصف سنچری بنانے کا وعدہ پورا کردیا۔ ڈربن میں ون ڈے میچ کے دوران انھوں نے مشکل وقت میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50کا سنگ میل عبور کرنے کے بعد خاص انداز میں جشن منایا۔

اننگز ختم ہونے کے بعد انٹرویو میں اس کی وجہ پوچھی گئی تو حسن علی نے کہا کہ میں نے اپنے پیارے دوست شاداب خان کو بتایا تھا کہ اس ٹور میں ففٹی ضرور کروں گا۔ اسی لیے سنگ میل حاصل کرنے پر ان کو پیغام دیا کہ میں نے کردکھایا۔

حسن علی نے کہا کہ میں نے کپتان سرفراز احمد سے پوچھا تھا کہ کیا کھل کر اپنے اسٹروکس کھیل سکتا ہوں، انھوں نے جواب دیا کہ اپنی مرضی کے مطابق کھیلو،میں نے جارحانہ انداز اپنایا اور کامیاب رہا۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2T8ujox


EmoticonEmoticon