دورہ انگلینڈ سے شعیب ملک اچانک پاکستان واپس

 شعیب ملک
ورلڈ کپ سے قبل ایک روزہ سیریز کے لیے انگلینڈ میں موجود قومی ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی شعیب کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 10 روز کی چھٹی دے دی۔

پی سی بی سے جاری اعلامیے کے مطابق 'پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے شعیب ملک کو چھٹی دی ہے وہ ذاتی معاملات کو نمٹانے کے لیے واپس گھر آرہے ہیں'۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'وہ متوقع طور پر 10 دن کے عرصے میں دوبارہ ٹیم میں شامل ہوجائیں گے'۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر بورڈ مزید وضاحت نہیں دے سکتا اور یہ شعیب ملک کا ذاتی معاملہ ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے جہاں سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل ٹور میچوں میں مصروف ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز 5 مئی کو ہو گا، دونوں ٹیمیں سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی 5 مئی کو کارڈف میں کھیلیں گی جس کے بعد 8 مئی کو ایک روزہ سیریز کا آغاز ہوگا۔

خیال رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 18 اپریل کو عالمی کپ کے لیے پاکستان کے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا اور اسی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بھی برقرار رکھا گیا تھا جس میں شعیب ملک بھی شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان)، فخر زمان، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد حفیظ، امام الحق، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف میچوں کے لیے دو اضافی کھلاڑیوں محمد عامر اور محمد آصف کو بھی ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2V2bBUF


EmoticonEmoticon