حکومت میں بیٹھے لوگ اہل ہی نہیں ، آنے والے دور میں کمر توڑ مہنگائی کا طوفان آئے گا: حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ میں نےآج تک اتنی دگرگوں حالت نہیں دیکھی، حکومت میں بیٹھے لوگ اہل ہی نہیں ، آنے والے دور میں کمر توڑ مہنگائی کا طوفان آئےگا، مہنگائی کا ایسا طوفان آئے گا، جو کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو سوائے اپوزیشن کو ستانے کے کوئی کام نہیں، وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ تماشہ ہے، ہمیں حکومت گرانے کا شوق نہیں، عوام کو جو سرسبز باغ دیکھائے ہیں ان کو حکومت پورا کرے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ رمضان کی آمد آمد ہے حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ، پھل، سبزیاں، دوائیں 100فیصد مہنگی ہوگئی ہیں ، حکومت کے پاس کوئی روڈمیپ نہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا عوام مہنگائی سےتنگ ہیں، انہیں اپنی حکومت بچانےکی پڑی ہے، نیازی خان جو سبز باغ دکھا کر آئے اب انہیں پورا کرنے کا وقت ہے۔

ان کا کہنا تھا اسلام آباد میں ایک سرکس اور تماشا لگا ہوا ہے، وفاقی کابینہ میں توڑ پھوڑ ایک تماشہ ہی ہے، اعظم سواتی کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا، عمران خان نے اعظم سواتی کو دوبارہ سینے سے لگالیا، کیا نیا پاکستان ایسا ہوتا ہے؟

رہنمامسلم لیگ ن نے کہا حکومت آج بلدیاتی نظام کو تبدیل کرنے جا رہی ہے، حکومت ملک کو چلانے میں ناکام ہوچکی ہے، پشاور میں نیب نام کی چیز نظر نہیں آرہی، بی آر ٹی پشاور میں 7ارب کی کرپشن ہوئی ، کیا پشاورمیں نیب سو رہاہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا اگرمودی کی حکومت آئی تو پاکستان کے دشمن اکٹھے ہوجائیں گے، عمران خان کو سوائے اپوزیشن کو ستانے کے کوئی کام نہیں، امریکا افغانستان سے نکلنے والا ہے ، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامناہے۔

انھوں نے مزید کہا نواز شریف ، شہباز شریف، میں نے مشرف دور کا احتساب بھگتا ہے، ہم کسی قسم کی گرفتاری سے ڈرنے والے نہیں، ہمیں حکومت گرانے کا شوق نہیں، ہم موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ یہ شہید نہ بن سکیں۔



from سچ ٹی وی اردو - تازہ ترین خبریں http://bit.ly/2UONZOi


EmoticonEmoticon